نئی دہلی20دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے وزیر اعظم نریندرمودی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے لوک سبھا الیکشن کی آمد دیکھ کر جی ایس ٹی پر سیاست شروع کردی ہے اور اب وہی قدم اٹھانے کی بات کی جارہی ہے جس کا ذکر ان کی پارٹی مسلسل ساڑھے چار سال سے کررہی ہے۔کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ایسے قدم اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جس سے 99فیصد اشیاء 18فیصد جی یس ٹی کے دائرے میں آسکے۔ان کی حکومت کچھ اشیاء کو جلد ہی اس دائر ے میں لارہی ہے اور وہ صر ف لگزری اشیاء کو ہی 28فیصد کے دائرے میں رکھنا چاہتی ہے۔